عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// فوج نے جمعہ کو راجوری ضلع کے گورنمنٹ پرائمری سکول چپٹا راجوری میں ‘کرگل وجے دیوس’ کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ فوج نے کہا کہ کرگل جنگ بھارت کی تاریخ میں ایک ناقابل فراموش واقعہ بن گئی ہے اور اس نے ہر بھارتی میں قوم پرستی، حب الوطنی اور اتحاد کے جذبات کو یقینی بنایا۔ بھارتی فوج کی طرف سے گورنمنٹ پرائمری سکول چپتہ راجوری میں کرگل جنگ پر ایک موٹیویشنل فلم دکھائی گئی جس کا مقصد ہمارے لوگوں کی شاندار تاریخ، ثقافت، کارناموں کو یاد رکھنا اور دشمن کے خلاف لڑنے والے کارگل جنگ کے ہیروز کے بارے میں طلباء میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ حاضرین بشمول سکول کے طلباء، عملہ اور دیہاتیوں نے بھارتی فوج کے جوانوں کی بہادری اور قربانیوں پر روشنی ڈالی جنہوں نے جموں و کشمیر کے کرگل، دراس اور بٹالک سب سیکٹرز کے سخت خطوں اور ناموافق موسمی حالات کا مقابلہ کیا۔ جشن کا آغاز ‘قومی پرچم لہرانے’ کے ساتھ ہوا جس کے بعد ‘راشٹر گان’ گا کر اتحاد، سالمیت، بھائی چارے اور حب الوطنی کے پیغام کو آگے بڑھایا گیا۔ مکینوں کے ساتھ بات چیت کی گئی، جس میں بچوں کو اپنے اپنے شعبوں میں اپنے مقصد کو آگے بڑھانے اور ایک ذمہ دار شہری کے طور پر ماحول، معاشرے اور ملک کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا شامل تھا۔