غلام نبی رینہ
کنگن//کرگل میں دو گاڑیوں کے درمیان شدید ٹکر ہونے سے ایک دلدوز حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 افراد لقمہ اجل جبکہ 2 دیگر شدید زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ منگل کی سہ پہر کرگل میں شلیکچھے ٹریفک کنٹرول پوائنٹ پرایک اسکار پیو گاڑی زیر نمبر UP79A/1150 اورٹپر زیر نمبر JK02AD/5118 کے درمیان اس وقت شدید ٹکر ہوئی جب دونوں گاڑیاں دراس جانے کے دوران ایک موڈ پر آپس میں ٹکرائیں۔ٹکر اتنا شدید تھا کہ ڈرائیور اپنا توازن کھو بیٹھے اور دونوں گاڑیاں ایک گہری کھائی میں جاگریں۔حادثے کے فوراً بعد بچائو کارروائی شروع کی گئی اور زخمیوں کو کھائی سے اوپر لانے کی کوششیں شروع ہوئیں۔فوج، پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو باہر لایا گیا لیکن ان میں سے5افراد کی موت ہوچکی تھی جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئے ، جن کو علاج و معالجہ کے لئے ضلع ہسپتال کرگل منتقل کیا گیا ۔ ایس ایچ او پولیس سٹیشن کرگل نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں تین کی شناخت محمد حسن ولد محمد حسین ساکن ستکپا، لیاقت علی ولد اے کے رضا ساکن چسکور، محمد ابراہیم ولد حاجی محمد ساکن بڈگام کے طور پر ہوئی ہے۔ جبکہ دو غیر ریاستی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی افراد کرگل کے ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔