کرگل //چیئرمین قانون سازکونسل حاجی عنایت علی اور گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کھری سلطان چو سپورٹس سٹیڈیم بیما تھانگ کرگل میں دو روزہ کرگل ، لداخ ٹورازم فیسٹول 2018 ء کا افتتاح کیا۔اس دو روزہ پروگرام کے دوران پرگی ،بلتی ، دردی اور دیگر زبانوں میں لوک ناچ اور دیگر روایتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ خطے کے مقامی ہنروں اور کھان پان کی بھی عکاسی کی جائے گی۔ قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے جبکہ خورشید گنائی نے تقریب کی صدارت کی۔لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر کاچو احمد علی خان، سیکرٹری سیاحت ریگزن سمپفل ، ڈی سی اور ایل اے ایچ ڈی سی کرگل کے سی ای او وِکاس کنڈل ، ناظم سیاحت کشمیر تصدق جیلانی ، ایس ایس پی کرگل ڈاکٹر ونود کمار اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔چیئرمین موصوف نے خطاب کرتے ہوئے ضلع کرگل میںسیاحتی سیکٹرکے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھاوادینے کے لئے مربوط منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کہا کہ لداخ خطے میں جدید خطوط پر سیاحتی سیکٹر کو استوار کرنے کا کام حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے اور اس تعلق سے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹوراِزم فیسٹول منعقد کرنے کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ ضلع کرگل کو سیاحتی نقشے پر ایک اعلیٰ مقام دلایا جاسکے۔اُنہوں نے محکمہ سیاحت پرزوردیا کہ وہ اپنی تشہیری مہم میں شدت لائے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو کرگل کی جانب راغب کیا جاسکیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کئی اختراعی پروگرام منعقد کرانے کی طرف توجہ دی جارہی ہے اور کرگل ہوائی اڈہ قائم کرنے کے لئے بھی کوششیں کی جاری ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ خواب بھی اگلے برس شرمندہ تعبیر ہونے کی اُمید ہے۔زوجیلاٹنل اور زیڈ مور ٹنل کی تعمیر کا ذِکر کرتے ہوئے خورشید احمد گنائی نے کہا کہ زوجیلہ ٹنل کو اگلے چار سے پانچ برسوں کے دوران مکمل کیا جائے گا۔ اور ان ٹنلوں کی تعمیر سے علاقے کی اقتصادی و سماجی ترقی معیار کی بلندیوں کو پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک,000 86سے زائد ملکی اور 4500غیرملکی سیاحوں نے کرگل کی سیر کی۔اس موقعہ پر سیکرٹری سیاحت اور ناظم سیاحت نے بھی خطاب کیا اور کرگل فیسٹول کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی سے روشنی ڈالی۔اس سے پہلے چیئرمین اور مشیر نے وہاںلگائے گئے اسٹالوں کا معائینہ کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ ان تمام سیکٹروں میں مزید بہتری لانے کی کافی گنجائش ہے۔افتتاحی تقریب کے دُوران رنگارنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا جس میں کرگل کے ثقافتی ورثے کی نمایاں عکاسی ہوتی تھی۔