سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے انتظامیہ میں رشوت خوری کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کے عزم کو دہراتے ہوئے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ لوگوں تک ایک شفاف اور ذمہ دارانہ حکمرانی نظام پہنچائیں۔ دربار مو¿ دفاتر کھلنے کے بعد انتظامی سیکرٹریوں کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے انہیں ہدایت دی کہ وہ انتظامی نظام سے رشوت خوری کی بدعت کا خاتمہ کرنے کے لئے اپنے اپنے عہدوں کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال ایک ذمہ دار اور شفاف انتظامیہ کا تقاضا کرتی ہے۔محبوبہ مفتی نے افسروں سے کہا کہ وہ متواتر طور اپنے ماتحت علاقوں کا دورہ کر کے ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگوں کے فیصلوں کی عمل آوری پر کڑی نگاہ رکھیں۔ انہوں نے مختلف ضلع ہیڈ کوارٹروں پر منعقد کئے گئے عوامی رابطہ پروگراموں کے فیصلہ جات کی عمل آوری پر بھی زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مختلف ضلع ہیڈ کوارٹروں پر ان فیصلوں کی عمل آوری کی پیش رفت کا عنقریب جائیزہ لیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے پی ایم ڈی پی کے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے محکموں سے کہا ہے کہ وہ خالی پڑی اسامیوں کو وقفہ وقفہ سے بھرتی ایجنسیوں کو ریفر کریں۔ انہوں نے کیجول ورکروں کی باقاعدگی کے عمل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی بھی ہدایت دی جس کا فیصلہ حال ہی میں حکومت نے لیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی ریزرو اسامیوں کو بھی جلد از جلد ریفر کرنے کی ہدایت دی تا کہ ہسپتالوں میں افرادی قوت کی قلت کو دور کیا جاسکے۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے ریاست میں اُردو، ڈوگری، پنجابی اور سنسکرت مضامین پڑھانے کے لئے اساتذہ کی مزید اسامیاں وجود میں لانے کے عمل کا بھی جائیزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ وہ چناب خطہ میں پن بجلی وسائل کو تیزی سے بروئے کار لانے کے امکانات تلاش کریں کیوں کہ اس سے پوری ریاست کو دور رس طریقے پر فائدہ حاصل ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے س رینگر رِنگ روڈ پروجیکٹ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بٹوت۔ کشتواڑ قومی شاہراہ کی حالت میں بہتری لانے کے اقدامات اُٹھانے کی بھی وکالت کی۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس اور دیگر تمام انتظامی سیکرٹری بھی موجود تھے۔