عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی// ممبئی پولیس کے انسداد منشیات سیل (اے این سی)نے 1.04 کروڑ روپے کی چرس ضبط کی ہے اور جموں و کشمیر کے ایک رہائشی سمیت تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان بین ریاستی منشیات کی سمگلنگ ریکیٹ کا حصہ تھے۔ممبئی کرائم برانچ حکام نے بتایا کہ باندرہ یونٹ نے ایک خصوصی آپریشن میں بائیکلہ علاقے میں دو افراد کو گرفتار کیا اور 1.8 کلو گرام اعلی قسم کی کشمیری چرس ضبط کی۔ان سے پوچھ گچھ کے نتیجے میں ایک اور شخص کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے مزید 800 گرام کشمیری چرس برآمد ہوئی۔اہلکار نے بتایا کہ ملزم جس کا تعلق کشمیر سے ہے، منشیات کو اخروٹ کے تھیلوں میں چھپا کر ممبئی لایا تھا۔ ایک اور ملزم کے خلاف نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینس ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ ماضی میں ورلی علاقہ میں اس کے قبضے سے 55 کلو گرام چرس ضبط کی گئی تھی۔ایک اور کارروائی میں، اے این سی کے آزاد میدان یونٹ نے 24 لاکھ روپے مالیت کا 120 گرام میفیڈرون ضبط کیا اور تین افراد کو گرفتار کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ان سے 22 لاکھ روپے نقد بھی برآمد کیے گئے۔