سرینگر // کرناہ کے کئی علاقے مواصلاتی نظام سے محروم ہیں بلکہ جن علاقوں میں سہولت فراہم ہے وہاں بھی ناقص سروس کی وجہ سے صارفین کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے کئی مرتبہ مواصلاتی کمپنیوں کو اس حوالے سے آگاہ کیا لیکن ناقص سروس کو بہتر بنانے اور علاقے میں نئے موبائل ٹاور نصب کرنے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔کرناہ کے ہجترہ ، ٹاڈ ، دھنی سعدپورہ ،ٹیٹوال ، درنگااور درگڑ گھنڈی گجرہ کے لوگوں کی شکایت ہے کہ وہ موجودہ دور میں بھی مواصلاتی نظام سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہ علاقے کے لوگوں کو اپنے عزیز واقارب کی خیر وعافیت دریافت کرنے کیلئے ٹنگڈار جانا پڑتا ہے ۔ادھر ٹنگڈار بلاک میں کئی برس قبل چند مواصلاتی کمپنیوں نے اپنے ٹاور نصب کر کے سروس فراہم کی لیکن ناقص سروس سے صارفین بے حد پریشان ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اکثر وبشیر انٹر نیٹ سروس معطل رہتی ہے جبکہ بات چیت کرنے میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگوں نے مواصلاتی کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ صارفین کو بہتر سروس فراہم کرنے کیلئے بنیادی ڈھانچہ مضبوط بنایا جائے اورجو علاقے ابھی بھی مواصلاتی نظام سے محروم ہیں وہاں بھی اپنی خدمات شروع کی جائیں۔