اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں، جموں و کشمیر پولیس نے ضلع میں اسلحہ کی اسمگلنگ میں ملوث 3 بالائی زمین ورکروں کو گرفتار کیا۔ انکی تحویل سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ۔ پولیس کو وادی میں ملی ٹینٹ تنظیموں کے لیے کام کرنے والے ایک نیٹ ورک کے بارے میں معلومات ملی تھیں اور مخصوص معلومات کی بنیاد پر، کرناہ پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے اسٹیشن ہاؤس آفیسر مدثر احمد کی قیادت میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سید مجید کی نگرانی میں تینوں کو علاقے کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔تینوں کی شناخت محمد عامر ولد محمد شکور کالس، نثار احمد ولد منظور کالس ساکن ہجیترا کرناہ اور کفیل احمد ولد مرحوم عبدالرحمن بٹ ساکن سعد پورہ کرناہ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے کہا کہ تینوں نوجوان کنٹرول لائن کے پار سے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں تاکہ اسے وادی میں سرگرم دہشت گردوں کو مزید دستیاب کرایا جا سکے۔پولیس نے گرفتار افراد سے ایک چائنیز پستول کے ساتھ میگزین اور 14 زندہ کارتوس بھی برآمد کر لیے۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید ریکوری اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔انکے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔