سرینگر//انجمن حمایت الاسلام اور کاروان اسلامی نے عاشور ہ کے موقعہ پر شہداءکربلا کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔انجمن حمایت اسلام نے حضرت امام حسین ؓ و دیگر شہدائے کربلاؓ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ شہدائے کربلاؓ نے جام شہادت نوش کرکے تاقیامت ایک ایسا پیغام تاریخ اسلام میں ثبت کیاکہ اسلامی اصولوں کے بقاءکیلئے ہمیشہ ایک جماعت کے مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔ایک ایسی جماعت جس کے اندر وقت کے طاغوت کو نقص امن خرافات سے روکنے کی اہلیت موجود ہو، اگر یہ جماعت موجودہ نہ ہو تو بنی نوع انسان کو کبھی بھی اطمینان کی زندگی نصیب نہیں ہوگی۔ زعمائے انجمن نے کہا کہ میدان کربلا میں امام حسین ؓ نے یہی کردار نبھایا۔ ان خیالات کا اظہار سرپرست انجمن حمایت الاسلام مولانا شوکت حسین کینگ و صدر انجمن مولانا خورشید احمد قانونگو نے خانقاہ اکملیہ حول اور خانقاہ صبور بابا صاحب بربرشاہ، خانقاہ میرمحمد ہمدانی شمس واری خانقاہ معلی اور مسجد شریف کاو محلہ خانیار میں کیا۔ ایسی ہی مجلس آج یعنی سوموار کو بعد معمولات تانماز ظہر زیارت غوثیہ خانیار میں منعقد ہوگی جہاں مولانا قانونگو اسی موضوع پر خطاب کریں گے۔ کاروان اسلامی کے امیر غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ حسینیت اور یزیدیت کی جنگ حق و باطل کی جنگ ہے جو تا صبح قیامت جاری رہے گی تاہم یزیدیت کے خاتمے کے لئے اور فروغ حسینیت کے لئے انسانی سوچ کا تبدیل ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔مولانا حامی کولبگ بڈگام میں یوم عاشورہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ یزید کل بھی مظلوموں پر ظلم ڈھا رہا تھا اور آج بھی مختلف اقسام کا لبادہ اوڑھ کر فرعونیت کے جواز کو دوام بخش رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یوم عاشورہ کا ذکر شروع ہوتے ہی مظلوم کی حمایت اور ظلم سے نفرت کرنے والے ہر باشعورانسان کے دل و دماغ پر حضرت امام حسین ؑ کی کربلا میں عظیم قربانی اور تا قیامت فتح و کامرانی نقش ہو جاتی ہے ۔انہوں نے کہا دنیا بھر میں مظلوم ظالم کے خلاف صف آراءہوتا ہے تو کربلا اس کے لئے مشعل راہ بن جاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانان عالم آج ہر سو ظلم و بربریت ،تشدد اور قتل و غارت کی چکی میں پس رہے ہیں اور ہر دن انسانیت کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش میں طاغوتی طاقتیں منہ توڑ کوششوں میں لگی ہوئی ہیں اور ان سب کا مقابلہ کرنے کے لئے اتحاد و اتفاق کے ساتھ تاریخ کربلا کو مشعل راہ بنا کر مسلمانوں کو اٹھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے ۔انجمن علمائے احناف کے مولانا اخضر نے ماگرے مسجد برزلا میں نماز عصر سے عشاءتک امامِ حسین ؑ اور کربلا کے شہداءپر خطاب کیا