کپوارہ//کرالہ پورہ کے گنڈ زون ریشی علاقے میں گزشتہ ماہ آگ کی ایک بھیانک واردات میں6 رہائشی مکانا ت راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہوئے تاہم متاثرین کے مطابق آج تک ان کی باز آ باد کاری کے لئے کوئی بھی اقدام نہیں کیا گیا ۔ماہ جون کے وسط میں گنڈ زون ریشی چوکی بل میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں 6مکانا ت جل کر خاکستر ہوئے اور ان میں لاکھو ں کی جائیداد بھی راکھ ہوئی ۔متاثرین نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ واقعہ کے بعد سابق ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے جائے واردات کا دورہ کر کے متاثرین میں فی کنبہ10ہزار کی رقم کے علاوہ ایک ماہ کی راشن اور ٹینٹ فراہم کئے اور باز آ باد کاری کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ غلام محی الدین میر نامی ایک آتشزدگی متاثرنے بتا یا کہ سابق ضلع ترقیاتی کمشنر نے انہیں6ماہ کی مفت راشن دینے کا وعدہ دیا لیکن اس وعدے پر عمل نہیں ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ آ ج بھی کھلے آسمان کے نیچے اپنے عیال کے ساتھ کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ایک اور متاثرہ شہری غلام محمد میر نے بتایا کہ ایک ایک روز گزر نے کے ساتھ وہ اس فکر میں ہیںکہ وہ کریں تو کیا کریں ۔متاثرین نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور ان کی باز آ باد کاری کے لئے ضروری اقدامات کریں ۔