عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// آلودگی سے پاک ہندوستان کو فروغ دینے کے لیے جمعرات کو یہاں سے کشمیر سے کنیا کماری تک 4000 کلومیٹر کی سائیکل مہم شروع ہوئی۔مہاراشٹر کے کئی شرکا کے ساتھ اس مہم کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل، سینٹرل کشمیر رینج، راجیو پانڈے نے لال چوک سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔سائیکل ریلی پورے ملک میں کنیا کماری تک 4,048 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔سائیکل سواروں میں سے ایک، ستیش جادھو، 67، نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک کا ہر شہری آلودگی سے پاک بھارت کا بینر بلند کرے۔انہوں نے نوجوان نسل سے بھی اپیل کی کہ وہ اچھی صحت کے لیے سائیکلنگ کو اپنائیں ۔ایک اور سائیکل سوار، بھانسالی نے کہا کہ اس مہم کے پیچھے کا مقصد زمین کو بچانا ہے۔انہوں نے کہا” ڈل جھیل گئے جو کبھی صاف اور خوبصورت سمجھی جاتی تھی، یہ اب بھی خوبصورت ہے، لیکن صاف نہیں ہے۔ ہمیں اس بیداری کو پھیلانا ہے‘‘۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی پانڈے نے کہا کہ وہ عوام کی حوصلہ افزائی کے لیے ریلی کا حصہ بنے ہیں۔انہوں نے کہا”جب میں نے دو بزرگ شہریوں کے سائیکل مہم میں حصہ لینے کے بارے میں سنا، تو میں نے سوچا کہ یہ پیغام پورے ملک میں پھیلانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا سمجھداری کی بات ہے۔ ہم یہاں شہریوں کو یہ پہل کرنے کی ترغیب دینے اور حوصلہ افزائی کرنے کے لیے ہیں،” ۔