عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو جموں و کشمیر میں کچھ کتابوں پر حالیہ پابندی سے منسلک ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ صرف لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ نے لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے، عمرعبداللہ نے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا’’ مجھے بزدل اور جاہل کہنے سے پہلے اپنے حقائق حاصل کر لیں، یہ پابندی لیفٹیننٹ گورنر نے وہی محکمہ استعمال کرتے ہوئے پابندی لگائی ہے، وہ باضابطہ طور پر ہوم ڈیپارٹمنٹ کنٹرول کرتے ہیں‘‘۔وزیر اعلی نے کہا’’ میں نے کتابوں پر کبھی پابندی نہیں لگائی اور نہ کبھی ایسا کروں گا‘‘۔ یہ وضاحت حالیہ حکومتی کارروائی پر بڑھتے ہوئے عوامی ردعمل کے درمیان سامنے آئی ہے جس میں کتابوں کی دکانوں پر چھاپے اور لٹریچر کو ضبط کرنا شامل ہے۔