عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، ایم پی جگل کشور شرما، سی پر بھاری آشیش سود، ورکنگ صدر سنیل شرما، سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا، سابق نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ، جنرل سیکریٹری اشوک کول اور سابق وزیر چودھری سکھناندا کی موجودگی میں پروفیسر ڈاکٹر کلبھوشن مہوترا کی کتاب ’’وشدھارا 370 اور وِبھاجن وِبھیشِکا‘‘کا اجرا کیا گیا۔اس کتاب کا مقصد دفعہ 370کے نقصانات، اس کے غلط استعمال اور ریاست کی باقی ہندوستان کے ساتھ انضمام پر اس کے اثرات کو واضح کرنا ہے۔ یہ کتاب اردو اور ہندی دونوں زبانوں میں ایک ساتھ شائع کی گئی ہے تاکہ ان لوگوں تک پہنچ سکے جو اردو زبان کو سمجھتے ہیں۔کتاب میں ان اہم نوٹس کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جو ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے ساتھ جیل میں قید ایک محب وطن شہری، سنجی رام گپتا نے لکھے تھے۔ ان نوٹس میں 1953کے’’ایک ودھان، ایک نشان، ایک پردھان‘‘ستیہ گرہ کے دوران پولیس کے مظالم اور اذیتوں کا ذکر کیا گیا ہے۔یہ نوٹس اردو سے ہندی میں ترجمہ کیے گئے ہیں اور اردو جاننے والوں کے لیے اردو میں بھی شائع کیے جا رہے ہیں۔