پلوامہ//کاکہ پورہ میں نیشنل کانفرنس کے ایک سابق سر پنچ کو دن دھاڑے اغوا کرنے کے بعد اسے گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔اسکی گولیوں سے چھلنی لاش چیوہ کلاں نیوہ کے نزدیک پائی گئی۔پولیس کے مطابق نامعلوم بندوق بردارسوموار کی صبح کاکہ پورہ میں سابق سرپنچ فیاض احمد ڈار ولد عبدل خالق ڈار کے گھر میں گھس گئے اور انہوں نے فیاض کواپنے ساتھ لیا۔ اس کے کچھ گھنٹوں بعد چیوہ کلاں میں اس کو گولیاں مارکر ہلاک کر دیا۔مقامی لوگوں نے گولیوں کی آواز سن کر جائے وقوع کا رخ کیا تو یہاں انہوں نے اس کی گولیوں سے چھلنی لاش پائی۔ فیاض کے جسم سے ایک رسی بھی بندھی تھی۔ لوگوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس نے لاش اپنی تحویل میں لیکر قانونی کارروائی پوری کردی اور لاش لواحقین کے حوالے کردی۔37سالہ فیاض احمد ڈار کاکہ پورہ کے سابق سرپنچ رہے تھے اور وہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ تھے۔ فیاض کے گھر میں اس کے دو معصوم بچے، اہلیہ، اورعمر رسیدہ ماں ہے۔کشمیر عظمی کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایس ایس پی پلوامہ رئیس بٹ نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے فیاض کے گھر میں گھس کر اسے اغوا کیا اوربعد میں اسے چیوہ کلاں میں ہلاک کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے کاروائی شروع کی ہے۔