بارہمولہ//ضلع بارہمولہ سے تقریباً 10کلو میٹر دور کاوہارنارواو نامی گائوں طبی سہولیات سے محروم ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس گائوں میں ایک ہزار کے قریب افراد رہائش پذیر ہیں لیکن سرکار نے ان کیلئے کوئی ہیلتھ سینٹر دستیاب نہیں رکھا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے بیمارمشکلات سے دو چار ہیں ۔ایک مقامی شہری محمد رمضان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں معمولی بیماری کی صورت میں بھی بارہمولہ اور دیگر اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بارے میںمقامی لوگوں نے کئی بار متعلقہ حکام کو آگاہ کیا لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ یہاں ایک ہیلتھ سنٹر قائم کیا جائے تاکہ انہیں مشکلات سے نجا ت مل سکے۔اس سلسلے میں چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ ڈاکٹر بشیر احمد چالکو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گائوں میں ہیلتھ سنٹر قائم کرنے کیلئے ایک سروے کی جائے گی جس کے بعدوہ رپورٹ سرکار کو پیش کی جائے گی۔