عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے نیشنل کانفرنس کے بانی مرحوم شیخ محمد عبداللہ اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو قد آور لیڈران قراردیتے ہوئے کہا کہ وہ جموں کشمیر کی سیاست میں سینئر ترین رہنما ہیں ۔ انہوں نے ایک بیان میں کانگریس کے ایک لیڈر کی جانب سے بیان کے بارے میں بتایا کہ پارٹی کا اس بیان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔قرہ نے پیر کو بانہال میں ایک پروگرام کے دوران کانگریس لیڈروقار رسول وانی کی طرف سے این سی قیادت کے خلاف استعمال کیے گئے توہین آمیز بیان اور غیر پارلیمانی زبان کی سخت مذمت کی۔قرہ نے کہا کہ کانگریس اس طرح کے بیانات سے خود کو الگ رکھتی ہے اور اس طرح کی زبان کے استعمال کی مذمت کرتی ہے۔انہوں نے کہا’’ہم مرحوم شیخ محمد عبداللہ اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا بہت احترام کرتے ہیں، جو جموں و کشمیر کے سب سے سینئر اور قابل احترام سیاسی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’ کانگریس اور نیشنل کانفرنس بی جے پی کے خلاف اتحاد میں آئندہ انتخابات لڑ رہے ہیں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے وقار اور حقوق کیلئے لڑتے رہیں گے‘‘۔قرہ نے کہا کہ اس طرح کے بیانات ناقابل قبول ہیں اور جمہوریت کی اقدار اور سیاسی مخالفین کے احترام کے خلاف ہیں۔ انہوںنے تمام سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنی عوامی گفتگو میں وقار اور احترام کو برقرار رکھیں۔