عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر اور کانگریس کے امیدوار برائے مرکزی شالہ ٹینگ اسمبلی حلقہ طارق حمید قرہ نے جمعرات کو بٹہ مالو سے بمنہ تک ایک روڈ شو کی قیادت کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کو ووٹ دیں اور ان کی حمایت کریں۔ قرہ نے بٹہ مالوسے اپنا روڈ شو شروع کیا جو بمنہ، آرم پورہ، برتھنہ، پی سی ڈیپو، پارمپورہ، فروٹ منڈی اور قمرواری سمیت مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا رامپورہ چھتہ بل میں اختتام پذیر ہوا۔روڈ شو میں سینکڑوں لوگ شامل ہوئے اور طارق حمید قرہ اور کانگریس پارٹی کو اپنی حمایت دینے کا اظہار کیا۔جے کے پی سی سی چیف نے روڈ شو کے دوران مختلف مقامات پر عوام سے خطاب کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ پولنگ کے دن بڑی تعداد میں باہر آئیں اور کانگریس پارٹی کو ووٹ دیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ جموں و کشمیر مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی بدانتظامی سے باہر آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کی پالیسیوں کے پیش نظر جموں و کشمیر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ لوگوں کو اس (بی جے پی) کے جعلی بیانیہ، جھوٹ کو شکست دینے کیلئے اس موقع پر اٹھنا چاہیے۔ کانگریس پارٹی انصاف اور آئینی ضمانتوں اور جموں و کشمیر کو ریاستی حیثیت کی بحالی کو یقینی بنائے گی، جسے بی جے پی حکومت نے قلم کے ایک جھٹکے سے ختم کر دیا تھا۔