بھدرواہ // پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے درجنوں کارکنوں نے کانگریس کا ہاتھ تھاما ۔ کانگریس کے قومی لیڈر و سابقہ وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کے علاقے بھدرواہ میں پی ڈی پی کواُس وقت زبر دست دھچکا لگا، جب پی ڈی پی کے چار درجن کارکنوں نے سابقہ وزیر محمد شریف نیاز کی موجودگی میں کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔اس سلسلہ میں کانگریس کے سینئر لیڈروں کی ایک تقریب بھدرواہ کے چنار محلہ میں منعقد ہوئی جس میں نئے کارکنوں کا خیر مقدم کیا گیا ۔نئے کارکنوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے شریف نیاز نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ سے ہی لوگوں کی بھلائی کے لئے کام کیا ہے اور مستقبل میں بھی سماج کے مختلف طبقوں کی ترجمانی کرتی رہے گی۔انہوں نے نئے کارکنوں کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صیح وقت پر ایک صیح فیصلہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کانگریس ہی مخلوط سرکار ،جو کہ دراصل آر ایس ایس کی جانب سے چلائی جا رہی ہے،کے ناپاک عزائم سے نمٹنے کے لئے کانگریس ہی واحد متبادل ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں شمولیت کرنے سے بھدرواہ کے لوگوں کی ترقی میں مدد ملے گی۔انہوںنے اس اُمید کا اظہار کیا کہ مزید کارکناں کانگریس میں شامل ہو جائیں گے۔جس سے کانگریس ریاست میں مزید مستحکم ہو جائے گی اور لوگوں کی توقعات کو پورا کرنیکی کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی ورکروں کی جانب سے کانگریس کا ہاتھ تھامنا اس بات کی عکاسی ہے کہ لوگوں کو اب یہ احساس ہوا ہے کہ کانگریس ہی ریاستی عوام کی اُمنگوں اور خواہشات کو پورا کر سکتی ہے۔سینئر کانگریسی لیڈر تنویر احمد دیو نے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی نے سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے مہاراجہ اور انڈین یونین کے درمیان ہوئے الحاق نامہ کو کمزور کرنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے،جس کیلئے مخلوط سرکار کی دونوں پارٹیاں دفعہ370 اور 35 ۔اے کو اُچھال رہی ہیں۔کانگریس میں شامل ہونے والوں کارکنوں میں اصغر علی، دین محمد بٹ، محمد رفیع گنائی، محمد امین بیگ، محمد رمضان میر، غلام حسن ، طارق حُسین و دیگران شامل ہیں۔