زاہد بشیر
گول// گول و ملحقہ جات بالخصوص ڈگری کالج کی اراضی میں گندگی ڈالے جانے پرحالیہ دنوں کشمیر عظمیٰ میں ایک خبر شائع ہوئی تھی جس کے پیش نظر کالج انتظامیہ گول نے اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے گول کے موئلہ علاقہ میں زیر تعمیر کالج عمارت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کالج کی اراضی میں کچھ لوگوں کی جانب سے پھینکی گئی گندگی کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے ملحقہ جات دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس طرح سے کالج کی اراضی میں گندگی نہ پھینکیں ۔ پروفیسر شاہجہا ں گنائی کی قیادت میں ٹیم نے یہاں دکانداروںسے کہا کہ وہ اپنے علاقے اور دکانوں کے آس پاس گندگی سے پاک رکھیں اور دکانوں سے نکلنے والے کوڑا کرکٹ کو کسی ایک جگہ پر جمع کر کے اسے نذر آتش کریں تا کہ گندگی نہ پھیل سکے ۔انہوں نے دکانداروں سے کہا کہ وہ کالج کی اراضی میں گندگی نہ ڈالیں اور اس طرح کے مرتکب پائے جانے والے شخص کے خلاف آئندہ قانونی کاروائی کی جائے گی۔