عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑضلع کے نائدگام چھاترو علاقے میں کالابن جنگلاتی علاقے میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان شدید تصادم آرائی میں ایک فوجی اہلکار شدید زخمی ہوا۔علاقے میں آپریشن جاری ہے اور سیکورٹی فورسز کا دعویٰ ہے کہ علاقے میں کم سے کم 3ملی ٹینٹوں کی موجودگی ہوسکتی ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ صبح 7 بجے کے قریب اُس وقت شروع ہوا جب 2 پیرا اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد تلاشی مہم شروع کی۔ اس موقعہ پر یہاں موجود ملی ٹینٹوںنے تلاشی پارٹی پر فائرنگ کی ،جس پر سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی اور مسلح تصادم شروع ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جیش محمدسے وابستہ تین پاکستانی ملی ٹینٹوں کے پھنسے ہونے کااحتمال ہے۔فوج کی جانب سے اسکی تصدیق وائٹ نائٹ کور نے X پر پوسٹ پر کی جسمیں بتایا گیاکہ چھاترو میں ملی ٹینٹوں کیخلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران تصادم شروع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ انکا کہنا تھا کہ تین کے قریب جیش محمد کے ملی ٹینٹ محاصرے میں پھنسے ہوے ہیں جسکے کیلئے آپریشن جاری ہے اور مزید فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔سیکورٹی فورسز نے پورے جنگلاتی علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سبھی فرار ہونے کے ممکنہ راستوں کو سیل کر دیا ہے۔ دونوں طرف سے وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ جسمیں ایک سیکورٹی اہلکار کپل کمار ساکن یوپی زخمی ہوا، جسے آرمی ہسپتال ادھمپور منتقل کیا گیا۔کشتواڑ میں پچھلے7 مہینوں میں چھ انکائونٹر ہو چکے ہیں ۔21ستمبر کو چھاترو کے علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔13 ستمبر کو چھاتروکے نائد گام علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ تصادم میں دو فوجی جوان، جن میں سے ایک جونیئر کمیشنڈ افسر ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔11 اگست اور 2 جولائی کو ڈول اور چھاترو بیلٹ میں پرتشدد تصادم ہوا تاہم ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔22 مئی کو چھاترو بیلٹ کے سنگاپور علاقے میں ایک تصادم میں ایک فوجی اور دو ملی ٹینٹ مارے گئے ۔12 اپریل کو کشتواڑ میں ایک تصادم میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے، جب کہ فوج نے اکھنور سیکٹر میں کنٹرول لائن کے ساتھ دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔