سمیت بھارگو+اشتیاق ملک
جموں+ڈوڈہ// ڈوڈہ ضلع کے ایک دور افتادہ جنگلاتی گائوں میں جمعرات کی صبح ملی ٹینٹوں کے ساتھ مسلح تصادم میں2 فوجی اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ خراب موسم اور چیلنجنگ خطے کے باوجود سیکورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔ جمعرات کی شب قریب 2بجے ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے تقریباً 35 کلومیٹر دو کاستی گڑھ کے داچھ بھاٹا علاقہ میںسرکاری ہائی سکول زاڈان میں قائم ایک عارضی سیکورٹی کیمپ پر ملی ٹینٹوں نے حملہ کیا، جس کے بعدرات دو بجے سے صبح 5 تک دونوں طرف سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے دو اہلکار شدید زخمی ہوئے ، جنہیںہسپتال منتقل کیا گیا۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت فائرنگ کا تبادلہ ہوا جب ملی ٹینٹوں نے جاری تلاشی کارروائیوں کے دوران ایک سرکاری سکول کے نزدیک فورسز پر فائرنگ کی۔حکام نے بتایا کہ جمعرات کی صبح علاقے کی تلاشی لی گئی لیکن زمین پر مشتبہ نقل و حرکت سے منسلک کوئی چیز نہیں ملی۔حکام نے بتایا کہ فوج کے دو اہلکار اس وقت زخمی ہوئے جب ملی ٹینٹوں نے گھنے جنگل کے علاقے میں فرار ہونے سے قبل سکول کی عمارت کے اندر کیمپ میں موجود فورسز پر حملہ کیا اور فرار ہوئے۔موسلا دھار بارش اور گھنی دھند نے چیلنج میں اضافہ کیا۔ ملی ٹینٹوں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ وہی گروپ ہے جس نے فوج کے چار اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، ڈوڈہ کشتواڑ، رام بن رینج، شریدھر پاٹل نے کستی گڑھ میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ تمام سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف اچھی طرح سے مربوط آپریشن میں مصروف ہیں ، اور جلد ہی کامیابی ملے گی۔تاہم انہوں نے آپریشن کے جاری رہنے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔فوج کے جوانوں کی ہلاکت کے بعد دیسا اور ملحقہ جنگلاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی ہے۔جمعرات کو آپریشن اپنے چوتھے دن میں داخل ہوا اور منگل اور بدھ کی درمیانی شب دیسا کے جنگلات میں دو مقامات پر فائرنگ کا مختصر تبادلہ بھی ہوا۔
سندربنی سیکٹر
بدھ کی رات دیر گئے راجوری ضلع کے سندر بنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول(ایل او سی) کے قریب مشتبہ نقل و حرکت دیکھنے کے بعد ایک آگے کی چوکی کی حفاظت کرنے والے سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کی۔حالیہ ملی ٹینٹ حملوں کے پیش نظر خطہ پیرپنچال میںسیکورٹی الرٹ کے بیچ سیکورٹی فورسزنے راجوری ضلع کے سندربنی سیکٹرمیں سرحدپار سے دراندازی کی ایک کوشش کوناکام بنادیا ۔ سیکورٹی فورسز نے سندر بنی علاقے میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک جمعرات کی صبح2 مشتبہ افراد کو دیکھا اور ان پر فائرنگ کی۔ فوجیوں نے مشتبہ افراد پر چند راؤنڈ فائر کئے اور قریبی چوکیوں کو بھی الرٹ کر دیا۔