عظمیٰ نیوزسروس
شملہ//ہماچل کے چمبا ضلع میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد سمیت چھ افراد اس وقت موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب ان کی کار 500 میٹر نیچے کھائی میں گر گئی۔یہ حادثہ چمبا ضلع کے تیسا سب ڈویژن میں چنواس کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک سرکاری اسکول کا ٹیچر اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ بنی کھیت سے گھر لوٹ رہا تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک گرنے والا پتھر گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے بعد گاڑی کھائی میں جاگری۔ وہ اپنے گھر سے تقریباً ایک کلومیٹر دور تھے جب کار کھائی میں گر گئی۔چیخ و پکار کی آواز سنتے ہی گاؤں کے لوگ موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔بنی کھیت میں ایک استاد راجیش، اس کی بیوی ہنسو (36) اس کا بیٹا، دیپک (15) اور بیٹی آرتی (17)، بہنوئی، ہیمراج، اور ایک اور شخص جس کو خاندان نے اپنی کار میں لفٹ دی تھی اس حادثے میں ہلاک ہو گئے۔حادثہ جمعرات کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے پیش آیا اور لاشوں کو نکالنے میں تقریباً چھ گھنٹے لگے۔