عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے اتوار کو پولنگ سے قبل پارٹی کارکنوں اور ایجنٹوں کی گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اسے انتخابات میں ہیرا پھیری کی کھلی کوشش قرار دیا۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی راہ ہموار کریں تاکہ خطے میں جمہوریت پروان چڑھے۔ بخاری نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پر انتظامیہ کے ساتھ ہاتھ ملانے اور حریف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور ایجنٹوں کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ این سی اور پی ڈی پی کے انتظامیہ میں گہرے روابط ہیں جو بااثر عہدیداروں کے کہنے پر دوسری پارٹیوں کو لیول پلے فیلڈ فراہم کر رہے ہیں۔بخاری نے نامہ نگاروں کو بتایاپولیس نے سرینگر، بڈگام، پلوامہ اور شوپیاں کے مختلف حصوں میں ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔ یہ جاری گرفتاری بظاہر این سی اورپی ڈی پی جیسی پارٹیوں کے کہنے پر کی گئی ہے جو نئی دہلی میں طاقتوں کے ساتھی ہیں،۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ گرفتار کارکنوں اور ایجنٹوں کی جلد رہائی کو یقینی بنانے کے ساتھ جاری گرفتاری کو روکیں۔اس سے قبل پارٹی کے جنرل سکریٹری رفیع احمد میر نے ایک بیان میں خبردار کیا تھا کہ اگر پارٹی کارکنوں کو فوری رہا نہ کیا گیا تو اپنی پارٹی انتخابات کا بائیکاٹ کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل آزادانہ اور منصفانہ ہونا چاہیے۔ انتخابات سے چند گھنٹے قبل پارٹی کارکنوں کی گرفتاری اپنی پارٹی کے خلاف انتخابات میں ہیرا پھیری اور دھاندلی کی کھلی کوشش کی نشاندہی کرتی ہے۔ ہم اس ناانصافی کو برداشت نہیں کریں گے اور انتخابات کا بائیکاٹ کریں گے۔