یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی انہیں کاروبار مخالف قرار دینے کی کوشش کر رہی ہے لیکن سچائی یہ ہے کہ وہ کاروبار مخالف نہیں ہیں، بلکہ کاروبار میں اجارہ داری کے خلاف ہیں۔ گاندھی نے آج ایک ویڈیو پیغام میں کہا “بی جے پی نے مجھے کاروبار مخالف کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی ہے لیکن میں واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ میں کاروبار مخالف نہیں ہوں بلکہ کاروبار میں اجارہ داری کے خلاف ہوں۔ میں اس پالیسی کا مخالف ہوں۔ جس میں صرف ایک ، دو، تین، چار یا پانچ افراد کاروبار میں مکمل طور پر حاوی ہیں۔ گاندھی نے یہ بھی واضح کیا’’میں نوکریوں کا حامی ہوں، کاروبار کا حامی ہوں، اختراع کا حامی ہوں، مسابقت کا حامی ہوں لیکن میں اجارہ داری کا مخالف ہوں۔ ہماری معیشت تبھی پھولے پھلے گی جب تمام کاروباروں کے لیے آزادانہ اور منصفانہ جگہ ہوگی ‘‘۔