کابل//افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دشت برچی کے ایک زچگی اسپتال میں منگل کو ہوئے مہلک حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 24ہوگئی اور 16دیگر زخمی ہیں۔نائب وزیر صحت واحد مجروح نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔اس سے پہلے کی رپورٹ میں اس حملہ میں 14افراد کے مارے جانے اور 15کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔مسٹر مجروح نے صحافیوں کو بتایا کہ۔’’دشت برچی کے 100بیڈ والے اسپتال میں ہوئے اجتماعی حملے میں کل 24افراد مارے گئے اور 16دیگر زخمی ہوئے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق اس واقعہ کے متاثرین میں نوزائیدہ بچے اور خواتین شامل ہیں۔ادھراقوام متحدہ سکریٹری جنرل اینٹونیو گٹیرس نے حملے کی مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ شہریوں اور اسپتالوں ،طبی سہولیات اور اہلکاروں پر حملے ناقابل قبول ہیں۔بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق انہیں خصوصی حفاظت حاصل ہے ۔ایسے جرم کرنے والوں کو جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہئے ۔