سرینگر //شہر خاص کے کاﺅ ڈارہ سے لیکر نروہ تک کی اندرونی سڑکیں خستہ ہوگئی ہیں جسکی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کاﺅڈہ ، جبلی پورہ اور ڈلی پورہ اور نروہ کے علاقوں میں خستہ سڑکوں اور گندے پانی کی نکاسی کیلئے بنائی گئی نالیوں کی خستہ حالات کی وجہ سے مذکورہ علاقوں کی سڑکیں چھوٹے تالابوں میں تبدیل ہوگئی ہےں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ خستہ حال سڑکوں پر آوارہ کتوں کی موجودگی لوگوں کی نقل و حمل کو مشکل بنا دیتی ہے ۔ کاﺅڑارہ کے رہنے والے طارق احمد پلو نے بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ علاقے کے لوگوں کو اپنے جوتے کاﺅڑارہ سے باہر آکر ہی تبدیل کرنے پڑتے ہیں جبکہ گندے پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے خواتین ، طلاب اور عمررسیدہ شہریوں کو چلنے پھرنے میں کافی تکلیف ہوتی ہے۔طارق پلو نے کہا کہ سڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی اور علاقے میں گندے پانی کی نکاسی کیلئے بنائی گئی نالیاں کئی سال قبل خستہ ہوئی ہے۔مذکورہ شہری نے کہا کہ علاقے کے لوگوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ افسران سے سڑکیں، علاقے میں موجود نالیاں اور آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو قابو کرنے کی درخواست کی تھی مگر ابتک کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ جات سے درخواست کی ہے کہ وہ علاقے کی خستہ حال سڑکوں کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں۔