سرینگر // محکمہ ہیلتھ کی طرف سے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کرنے اور پیٹرول پمپ پوری وادی میں بند کرنے کے بعد کئی علاقوں میں مجسٹریٹ تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ شوپیان میں کوچنگ سینٹروں کو ایک ہفتے تک بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔پٹن سب ڈویژن میں 13ڈپٹی مجسٹریٹ تعینات کئے گئے ہیں۔ جبکہ ٹنگمرگ میں 8مجسٹریٹوں کی تعیناتی عمل میں لانے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں ۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ پٹن کی جانب سے ایک آڈر زیر نمبر SDMP/2018.19/12152جاری کیا گیا ہے۔آڈر میں سب ڈویژن میں امن وقانون کی صورتحال سے نپٹنے کیلئے ڈپٹی مجسٹریٹوں کی تقرری عمل میں لائی گئی ہے۔قابل غور بات یہ ہے کہ ڈپٹی مجسٹریٹوں کی تقرری بارہمولہ شاہراہ پر بالہامہ پانپور کراسنگ سے عمل میں لائی گئی ہے۔ان افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے تحصیلداروں اور ایس ایچ اوز کے ساتھ رابطے میں رہیں ۔اسی طرح کا ایک آڈر ایس ڈی ایم گلمرگ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک اور آرڈر SDM/G/2019/camp.01.19کے تحت سب ڈویژن میں 8ڈپٹی مجسٹریٹ تعینات کئے گئے ہیں ۔ادھر شوپیاں ضلع سے اطلاع ہے کہ وہاں پر انتظامیہ نے تمام کوچنگ سنٹروں کے مالکان کو بلا کر انہیں ایک ہفتے تک کوچنگ سنٹروں کو بند رہنے کیلئے کہا ہے ۔ادھر وادی بھر میں آج پیٹرول یمپ بند رہے۔