محمد بشارت
کوٹرنکہ //ضلع ترقیاتی کونسل رکن بلاک بدھل اولڈ اے کوٹرنکہ شازیہ کوثر نے ڈاک بنگلہ کوٹرنکہ میں تمام سیکٹرول آفیسران کا ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔اجلاس کے دوران مذکورہ خطہ میں جاری تعمیر اتی پروجیکٹوں کا مکمل جائزہ لیا گیا ۔اجلاس کے دوران محکمہ جل شکتی کے آفیسران نے بتایا کہ دیہات میں پانی کی بحرانی صورتحال پر قابو پانے کیلئے 80فیصد سے زائد جل جیون مشن کے تحت ٹینڈر ہو چکے ہیں ۔اسی طرح محکمہ زراعت کے متعلقہ حکام نے بتایا کہ کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت کوی 11 ہزار کے قریب کسانوں کو سالانہ 6 ہزار روپے مل رہے ہیں جبکہ متعلقہ حکام نے کسانوں کو چار سو کونٹل کے قریب مکئی کے بیج بھی فراہم کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی متعدد سرکاری سکیموں کے دائرے میں بھی کسانوں کو لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔اس کے علاوہ محکمہ پشو پالن اور محکمہ ایجوکیشن کے متعلقہ حکام نے بھی مذکورہ علاقوں میں ہوئی پیش رفت کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کی ۔ڈی ڈی سی رکن نے محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ عام لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے سروس میں بہتری لائی جائے ۔