ڈی سی کی قیادت میں آفیسران و معززین کا اجلاس

حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں مذہبی راہنمائوں ،علمائے کرام اور ضلع افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی ۔اس موقعہ پر موجو د شرکاء نے انتظامیہ پرزور دیا ہے کہ شب ِ قدر، جمعتہ الوداع اور عید الفطر کے پیش ِ نظر اشیاء ضروریہ اور لازمی خدمات کا معقول اسٹاک کی دستیابی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ حکام کو متحرک رہنا چاہئے تاکہ لوگوں کو کالابازاری، منافع خوری اور گراں بازاری سے متاثر نہ ہونا پڑے۔ انہوں نے اِن مقدس ایام کے دوران پینے کے صاف پانی کی مناسب سپلائی اور صفائی ستھرائی یقینی بنانے پربھی زور دیا ہے۔ تمام شرکاء کو بغور سننے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ نے افسروں کو ہدایت کرتے ہوئے ضلع میں مارکیٹ چیکنگ کر کے منافع خوروں اور گراں بازاروں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا متعلقہ محکمہ جات کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع کے سبھی علاقہ جات میں اشیاء ضروریہ ، اشیاء خوردو نوش بشمول چاول اور ایل پی جی گیس دستیاب ہوں اور منظور شدہ نرخناموں پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔انھوں نے شب ِ قدر کی مقدس رات کو بلاخلل بجلی سپلائی پرزور دیتے  ہوئے کہا انتظامیہ ماہ ِ مقدس کے دوران صارفین کو بلا خلل بجلی سپلائی کریں۔انھوں نے شب قدر جمعۃ الوداع اور عید الفطر جیسے مقدس ایام کے دوران اہم اجتماعات تک بلاخلل عوامی نقل وحمل کے لئے ٹرانسپورٹ دستیاب رکھنے، عید گاہوں مساجد اور دیگر مذہبی مقامات کے ارد گرد صفائی ستھرائی ، پانی کی فراہمی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کو بھی متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی۔