ڈی سی نے سرکاری دفاتر کا اچانک معائینہ کیا

حسین محتشم
پونچھ// پونچھ میں وقت کی پابندی اور ہموار عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت نے اچانک دورے کے دوران پانچ سرکاری اداروں کا معائینہ کیا۔ اس دوران چیف ہارٹیکلچر آفیسر سنجیو شرما، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شمیم النساء بھٹی کے علاوہ دیگر افسران/ اہلکار ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ ڈی سی نے اپنے دورے کے دوران جن اداروں کا معائینہ کیا ان میں پی ایچ سی اجوٹ، پی ایچ سی دیگوار، ہارٹیکلچر نرسری، گورنمنٹ گرلز مڈل سکول سہلہ جگل دیگوار اور مڈل سکول دیگوار شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی اداروں کے دورے کے دوران طلباء ، سٹاف سے ملاقات کی اور ان کی پڑھائی، مڈ ڈے میل اور انہیں فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ پی ایچ سی اجوٹ، پی ایچ سی دیگوار کے اپنے اچانک دورے میں، انہوں نے لوگوں سے بات چیت بھی کی اور صحت کے حکام کو صفائی برقرار رکھنے اور لوگوں کو صحت کی موثر خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ملازمین سے کہا ہے کہ وہ دفاتر میں وقت کی پابندی کو برقرار رکھیں اور عوام الناس کو خدمات کی موثر فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ایم او پونچھ سے مزید کہا کہ وہ اپنے فرائض احسن طریقہ سے انجام نہ دینے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ گاؤں اجوٹ میں باغبانی کی نرسری کے معائنے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے چیف ہارٹیکلچر آفیسر سے کہا کہ نرسری کو ہائی ٹیک بنائیں تاکہ پودوں کی زیادہ سے زیادہ پیداوار ہو سکے اور ساتھ ہی کہا کہ سیب، مونگ پھلی، اخروٹ وغیرہ کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے۔ جس سے لوگوں کو فائدہ حاصل ہو اور نرسری میں صفائی برقرار رکھنے کو بھی کہا۔