عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ادارے میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور آئندہ منعقد ہونے والے ’اسپورٹس فیسٹیول‘ کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کالج کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے کلاس رومز، ملٹی پرپز کانفرنس ہال، کھیل کا میدان اور بوٹینیکل گارڈن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس دوران اساتذہ اور طلباء کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا اور انہیں ادارے کے تعلیمی اور غیر نصابی ماحول کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور تعاون کی ترغیب دی۔اسپورٹس فیسٹیول کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے کھیلوں کا فروغ نہایت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لئے اہم ہیں بلکہ یہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کالج میں جاری تعلیمی اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور ’نشہ مکتی ابھیان‘ کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کو منشیات سے بچانے کے لیے مستقل بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں تاکہ نئی نسل کو اس سنگین مسئلے سے محفوظ رکھا جا سکے۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل، ضمیر مرزا اور دیگر اسٹاف ممبران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے تعلیمی اداروں میں مثبت تبدیلی کو فروغ ملے گا۔