عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی)، نلین پربھات نے ہفتے کو جنوبی کشمیر کے دو اضلاع کا دورہ کیا اور یہاں مختلف معاملات کے حوالے سے سیکورٹی کیا جائزہ لیا۔انکے ہمراہ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون، وی کے بردھی بھی تھے۔انہوں نے انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے اننت ناگ اور کولگام اضلاع کا تفصیلی دورہ کیا۔ڈائریکٹر جنرل پولیس نے دورے کے دوران، سینئر افسران کیساتھ سیکورٹی کے منظر نامے، جاری آپریشنز اور خطے میں ملی ٹینسی کو ختم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔دونوں اضلاع میں انہوں نے ضلع پولیس سربراہان کے علاوہ دیگر افسران کیساتھ دو الگ الگ میٹنگیں کیں اور ملی ٹینسی مخالف کارروائی کیسات ساتھ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کی گئی حکمت عملی اور دیگر اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ڈی جی پی نے فیلڈ افسران کے ساتھ بھی بات چیت کی اور جنوبی کشمیر میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔