عظمیٰ نیوزسروس
جموں// ڈی جی پی سی جموں کے نائب صدر بلویندر سنگھ اور سکھ پروگریسو فرنٹ کے صدر سرجیت سنگھ نے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کرکے ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک کی طرف سے استعمال کی گئی انتہائی جارحانہ اور غیر پارلیمانی زبان کی شدید مذمت کی ۔میڈیا سے خطاب کرتے ہوئےسنگھ نے ایم ایل اے کے طرز عمل پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈوڈہ کے لوگوں نے انہیں غیر ذمہ دارانہ طریقے سے اقتدار سنبھالنے یا سرکاری ملازمین کو نیچا دکھانے کے لیے منتخب نہیں کیا۔ انہوں نے دیرینہ مسائل کو حل کرنے اور جمہوری اقدار کو برقراررکھنے کے لیے ان پر بھروسہ کیا، نہ کہ اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے کے لیے۔ تقریر کی آزادی، ایک آئینی حق ہونے کے ساتھ ساتھ، دوسروں کے وقار اور آزادیوں کا احترام کرنے کی ذمہ داری بھی اپنے ساتھ رکھتی ہے۔ اس مثال میں جو کچھ دیکھا گیا وہ آزادی نہیں تھی، یہ تہذیب کی خلاف ورزی تھی۔انہوںنے کہا کہ جس چیز نے صحیح سوچ رکھنے والے شہریوں کے ضمیر کو مزید چونکا دیا ہے وہ ڈپٹی کمشنر کے والدین کے بارے میں ایم ایل اے کا توہین آمیز حوالہ ہے، جو مبینہ طور پر قومی پرچم لہرانے کے دوران موجود تھے۔ اس طرح کے ریمارکس نہ صرف غیر مہذب ہیں بلکہ ایک مہذب معاشرے کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے ہیں ۔سکھ پروگریسو فرنٹ اور ڈی جی پی سی جموں نے مطالبہ کہ منتخب نمائندے اپنے عہدہ کا تقدس برقرار رکھیں۔