بانڈی پورہ/عازم جان/ضلع ہسپتال بانڈی پورہ کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ نے ہفتہ کو میڈیکل آفیسر کو غیر مجاز طور پر ڈیوٹی سے غیر حاضررہنے اور یوم آزادی کی سرکاری تقریب میں شرکت میں ناکامی پر معطل کر دیا اور ان کے طرز عمل کو نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ معطلی کے حکم میں بتایاکہ ڈاکٹر 14 اگست 2025کو مقررہ ڈیوٹی کیلئے رپورٹ کرنے میں ناکام رہے، جس سے ہسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال بری طرح متاثرہوئی۔مزید یہ افسر 15 اگست کو یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی واضح اور تحریری ہدایات کے باوجود غیر حاضر رہا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کا طرز عمل قومی تقریب کی بے عزتی اور بے توقیری کے مترادف ہے اورسرکاری ملازم کی غیر اخلاقی بے ضابطگی ہے۔جموں و کشمیر سول سروسز (درجہ بندی، کنٹرول اور اپیل) رولز،1956 کے رول31 کا اطلاق کرتے ہوئے، جموں و کشمیر سول سروس ریگولیشنز کے آرٹیکل 128 کے تحت، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ڈاکٹر کو فوری طور معطل کر دیا، اس معاملے کی انکوائری باقی ہے۔معطلی کی مدت کے دوران، مذکورہ ڈاکٹر شعبہ امراض چشم، ڈسٹرکٹ ہسپتال بانڈی پورہ کے سربراہ کے ساتھ منسلک رہیں گے اور قابل اطلاق قواعد کے مطابق گزارہ الاؤنس حاصل کریں گے۔