پرویز احمد
سرینگر // جموں صوبے میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے مزید 5افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں ڈینگی متاثرین کی مجموعی تعداد 8213ہوگئی ہے۔ اس دوران اتوار کو جموں میں ڈینگی سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 18بنی ہوئی ہے۔ ڈویژنل نوڈل آفیسر جموں ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کو ڈینگی کی تشخیص کیلئے 89ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 5افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی متاثرین میں ایک خاتون اور 4مرد شامل ہیں۔ ڈاکٹر رائے نے بتایا’’ متاثرہ علاقوں میں کیمائی ادویات کا چھڑکائو اور لوگوں کو ڈینگی سے بچائو کی جانکاری کیلئے مہم شروع کی گئی ہے‘‘۔ اعداد و شمار کے مطابق جموں صوبے میں ڈینگی سے 5افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں ضلع جموں میں 4جبکہ ایک ڈوڈہ سے تعلق رکھتا ہے۔ جموں صوبے کے سانبہ، کٹھوعہ، ادھمپور، ریاسی، ادھمپور، راجوری، پونچھ، رام بن اور کشتواڑ میں کسی کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ کشمیر صوبے میں ڈینگی متاثرین کی مجموعی تعداد 17بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 31167ٹیسٹ کئے گئے جن میں 8213کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔