یواین آئی
نئی دہلی// حکومت نے آج تینوں افواج کی فائر پاور کو بڑھانے کے لیے 54 ہزار کروڑ روپے کے دفاعی سودوں کو منظوری دے دی، جس میں آرمی ٹینکوں کے لیے زیادہ طاقتور انجن، بحریہ کے لیے اینٹی سب میرین ٹارپیڈو اور فضائیہ کے لیے نگرانی کے نظام اے ڈبلیو اے سی ایس کی خریداری شامل ہے۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ڈیفنس ایکوزیشن کونسل کی میٹنگ میں جمعرات کو یہاں ہوئی اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ کونسل نے میٹنگ میں 54,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کے آٹھ سرمایہ کے حصول کی تجاویز کو ضرورت کی قبولیت (اے اواین) فراہم کی۔ان سودوں میں فوج کے لیے ٹی-90 ٹینکوں کے موجودہ 1000 ایچ پی انجنوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 1350 ایچ پی انجنوں کی خریداری کی منظوری بھی شامل ہے۔ اس سے ان ٹینکوں کی میدان جنگ میں نقل و حرکت میں اضافہ ہوگا، خاص طور پر اونچائی والے علاقوں میں، کیونکہ اس سے طاقت اور وزن کے تناسب میں اضافہ ہوگا۔ ہندوستانی بحریہ کے لیے، وروناسترا ٹارپیڈو (جنگی) کی خریداری کو بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ وروناسترا ٹارپیڈو نیول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لیبارٹری کے ذریعہ تیار کردہ مقامی طور پر تیار جہاز سے چھوڑا جانے والا اینٹی سب میرین ٹارپیڈو ہے۔ بحریہ میں بڑی تعداد میں اس ٹارپیڈو کی شمولیت سے دشمن کی آبدوزوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔کونسل نے ہندوستانی فضائیہ کے لیے، ایئر بورن ارلی وارننگ اینڈ کنٹرول (اے ڈبلیو اے سی ایس) سسٹم کی خریداری کے لئے منظوری کو بھی ضرورت کی بنیاد پر منظوری دی۔ اے ڈبلیو اے سی ایس نظام سے فضائیہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا اور جنگ کے پورے اسپیکٹرم کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔