زاہد بشیر
گول//گول کا علاقہ ڈھیڈہ کے عوام چوتھے روز بھی محصور ہو کر رہ گئے ہیں جس وجہ سے کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شدید بارشوں اور برف باری کے بعد جہاں علاقہ کا رابطہ سڑک مسدود ہو کر رہ گیا ہے وہیں دوسری جانب علاقہ میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے اور علاقہ کافی عرصہ سے مواصلاتی نظام کی عدم دستیابی سے بھی پریشان ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق برف باری اور بارشوں کے ساتھ ہی علاقہ کو جوڑنے والی سڑک کے کئی جگہوں پرپسیاں گر آئیں جس وجہ سے آج تک اس پسی کو اُٹھایا نہیں گیا اور اسی روز سے بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے ۔ شبیر احمد نامی ایک مقامی نوجوان کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل دور میں بھی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور علاقے کے لوگ کافی عرصہ سے مواصلاتی نظام کی عدم دستیابی کی وجہ سے کافی پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے بھی مطالبہ کیا تھا لیکن اس کی طرف کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقہ کی طرف نظر کرم کر کے یہاں پر لوگوں کو پریشانیوں سے نجات دلائے تا کہ آج کے اس ڈیجیٹل دور میں لوگ باقی لوگوں کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں ۔ڈی ڈی سی ممبر چوہدری سخی محمد نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑک رابطہ کو بحال کر دیا گیا ہے اور باقی مسائل جس میں بجلی و مواصلاتی نظام ہے کو جلد بحال کر دیا جائے گا ۔