محمد تسکین
بانہال //ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بنا کسی خلل کے جاری رہی اور سینکڑوں کی تعداد میں پہلے مسافر اور بعد میں مال بردار گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تاہم ڈھلواس ، شیر بی بی اور رام بن سیکٹر اور ناشری میںگر آئے ملبے اور کیچڑکو صاف کرنے کیلئے دونوں طرف کے ٹریفک کو روک لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پسیوں کے ملبے اور پتھروں کو ہٹانے کے بعدسڑک کو کشادہ اور بہتر بنا یا گیا جس کے بعد ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ۔ جمعرات کو ناشری اور بانہال ٹنل کے درمیان شاہراہ کے کئی مقامات پر سڑک کی خراب حالات اور یکطرفہ ٹریفک کی آمدورفت کی وجہ سے ٹریفک جام کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ جمعرات کی صبح مسافر بردار گاڑیوں کو جموں اور ادہمپور سے کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی جبکہ دوپہر بعد قریب دو بجے جکھینی ادہمپور سے مال بردار ٹرکوں اور پتنی ٹاپ میں روکے گئے پیٹرول ، ڈیزل اور گیس سے بھرے ٹینکروں کو کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی ۔ پچھلے کئی روز سے متعدد مقامات پر شاہراہ کی خراب حالت کے پیش نظر حکام نے قومی شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کو ہی چلانے کا فیصلہ لیا ہے اور مجموعی طور پر یکطرفہ ٹریفک کی بحالی کے بعد رام بن اور بانہال سیکٹر میں ہزاروں مسافروں کو ٹریفک جام سے کسی حد تک راحت ملی ہے ۔