جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے ڈھرانہ گائوں میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے ایک وسیع آبادی رمضان ماہ میں شدید مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے آفیسران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ ملازمین کی حاضری و محکمہ میں شفافیت کو بحال رکھنے میں پوری طرح سے ناکام ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے سپلائی کو ایک ماہ بعد بھی بحال نہیں کیا جاسکا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ ایک ماہ قبل واٹر سپلائی سکیم کی مشینری میں کوئی خرابی آئی تھی لیکن اس کے بعد ابھی تک متعلقہ حکام اس کو دور کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔مقامی سرپنچ ایڈوکیٹ نظیر چوہدری نے محکمہ جل شکتی کے ایگز یکٹو انجینئر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ نہ تو لوگوں کی پریشانی کو سنجیدگی کیساتھ لے رہے ہیں اور نہ ہی ان کے فون اٹھائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔سرپنچ موصوف نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت میں ہزاروں کی آباد ی رمضان ماہ میں پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔غور طلب ہے کہ ڈھرانہ گائوں میں پانی کے قدرتی وسائل بھی انتہائی کم ہیں جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی کیلئے زیادہ تر لوگوں کو انحصار محکمہ جل شکتی اور فوج پر رہتا ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
ڈھرانہ اپر پنچایت میں 1ماہ سے پانی سپلائی ٹھپ
