سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے ڈھانگری گاؤں میں دو سال قبل ہونے والے دہشت گرد حملے کی دوسری برسی کے موقع پر ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ اس حملے میں سات افراد جاں بحق ہوئے تھے اور تیرہ دیگر زخمی ہوئے تھے۔تعزیتی اجتماع ڈھانگری چوک میں منعقد ہوا،جہاںاس المناک حملے میں لقمہ اجل بننے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بعد ازاں، متاثرہ خاندانوں کے ارکان نے انصاف کے حق میں نعرے بلند کرتے ہوئے ایک ریلی نکالی۔سروج بالا، جنہوں نے اس حملے میں اپنے دو بیٹوں، دیپک اور پرنس کو کھو دیا تھا، نے کہاکہ ’’ہمارے بہترین تفتیشی ادارے اس کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں، لیکن ہم ابھی تک انصاف کے منتظر ہیں‘‘۔ سروج نے مزید کہا کہ انہیں کچھ افراد پر شک ہے جو اس حملے میں ملوث ہو سکتے ہیں اور تفتیشی اداروں کو فوراً ان سے تفتیش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹوں کی موت کے بعد دو مرتبہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقات کر چکی ہیں اور ان سب نے انصاف کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن ابھی تک یہ وعدے پورے نہیں ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ 1 جنوری 2023 کو دہشت گردوں نے ڈھانگری گاؤں میں اقلیتی خاندانوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں سات افراد، جن میں دو بچے بھی شامل تھے، بے دریغ فائرنگ اور آئی ای ڈی دھماکے میں جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ تیرہ افراد زخمی ہوئے تھے۔