ڈوڈہ//پی ڈی پی کے ضلع صدر شہاب الحق بٹ نے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ میں نئے تعلیمی سال سے فلاسفی کا مضمون متعارف کرنے پر ریاستی وزیر تعلیم الطاف بخاری کا شکریہ ادا کیا ہے۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں اُنہوں نے کہا ہے کہ ڈوڈہ کے ہزاروں غریب اور پسماندہ طبقات سے وابسطہ طلباء و طالبات اس ادارے سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں،مگر گذشتہ حکومتوں نے اسے مکمل طور پر نظر انداز کیا ہوا تھاجس وجہ سے یہ ترقی کی اُن منازل تک نہیں پہنچ سکا جہاں یہ آج ہونا چاہیے تھا۔مگرپی ڈی پی کی قیادت والی موجودہ ریاستی مخلوط حکومت نے تین برسوں میں نہ صرف یہاں کئی نئے مضامین متعارف کرائے بلکہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اُن کا یہ ایک خواب ہے کہ اس ادارہ میںتمام مضامین پڑھائے جائیں اور یہاں جلد سے جلد پوسٹ گریجویشن کلاسیں بھی شرو ع کی جائیں تاکہ یہاں کے طلباء و طالبات کو اس کے لئے دوردراز شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔شعبۂ تعلیم سے میدانِ سیاست میں قدم رکھنے والے شہاب الحق بٹ نے پریس ریلیز میں مزید کہا ہے کہ وہ ڈوڈہ کو تعلیم کا سرچشمہ بنانے کا خواب لے کر سیاست میں آئے ہیں اور RUSA کے تحت کلسٹر یونیورسٹی ،علاحدہ خود مختیارSE JKBO ڈوڈہ اورڈوڈہ میں زنانہ کالج کا قیام اُن کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے وہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ موجودہ ریاستی وزیرِ تعلیم الطاف حسین بخاری بھی سابقہ وزیر تعلیم نعیم اختر کی طرح ڈوڈہ خطہ سے خاص لگائورکھتے ہیں اور وہ ہمارے ساتھ پورا تعاون کر رہے ہیں ۔خود ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی تمام وزراء کو ڈوڈہ خطہ پر خاص نظر رکھنے کی ہدایات دی ہیں ۔بٹ نے کہا ہے کہ تعلیمی اِداروں کے قیام سے ہی کسی علاقہ یا خطہ کی ہمہ گیر ترقی ممکن ہو گی ،سیاحت کوفروغ حاصل ہو گا معیشت میں انقلاب واقع ہو گا اور پسماندگی کا خاتمہ ہوگا۔