ڈوڈہ//ڈپارٹمنٹ آف ہائر ایجوکیشن حکومتِ جموں و کشمیر کے اشتراک سے آل انڈیا کونسل آف ٹیکنیکل ایجوکیشن وزارت ِترقی انسانی وسائل حکومت ہند کی طرف سے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ میں ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین نے پرائم منسٹر خصوصی اسکالر شپ اسکیم کے بارے میں موجود طلباء و طالبات کو تفصیلی جانکاری فراہم کی۔کالج کے پرنسپل ڈاکٹر آر کے رینا کی سرپرستی اور نگرانی میں منعقدہ اس پروگرام میں ڈائریکٹر آل انڈیا کونسل اور ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر این ایچ سدالائگا سوامی اور کنسلٹنٹ پی کے سانسی نے مذکورہ اسکیم کے تمام پہلوئوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور طلباء پر زور دیا کہ وہ اس اسکیم کا بھر پور فائدہ حاصل کرنے کے لئے آگے آئیں۔اُنہوں نے طلباء و طالبات کے ساتھ تبادلۂ خیالات بھی کیا اور اُن کی طرف سے اُبھارے کے سوالات کے تشفی بخش جوابات بھی دئیے۔ اُنہوں نے طلباء و طالبات کو بتایا کہ ایسے طلباء و طالبات ن جنہوں نے2015-16اور2016-17کے دوران بارہویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے اور جن کے وارثین کی سالانہ آمد نی چھ لاکھ روپے سے کم ہے اور وہ ریاست سے باہر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں ہوں اُنہیںپرائم منسٹر خصوصی اسکالرشپ اسکیم کے تحت وضائف فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے اپنے خواب کو پورا کر سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت منتخب شدہ طلباء و طالبات کو مختلف ریاستوں کے نامور کالجوں اور اداروں میں مختلف قسم کے اکیڈمک کورسز کرنے اور پیشہ وارانہ تربیت مفت حاصل کرنے کا موقع فراہم ہو گا ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ملک کے نامور اداروں میں تعلیم یا تربیت حاصل کرنے کے خواہش مند نوجوانوں کے لئے ایک سنہری موقع ہے جو اس کے لئے بھاری رقومات ادا کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ اُنہوں نے کہا کہ خواہشمند طلباء و طالبات 15مئی تک مختلف کورسز کے لئے http://www.aicte-jk-scholarship-gov.in/ پر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔رجسٹریشن کے لئے مطلوبہ ضروری دستاویزات کو ہونا لازمی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد ریاستِ جموں وکشمیر کے طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو تعمیر کرنا ،مختلف کورسز میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا،روزگار حاصل کرنے کے، ریاست میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور روزگار حاصل کرنے کے امکانات میں اضافہ کرنا ہے تاکہ یہاں کے نوجوان اپنے مستقبل کو روشن اور تابناک بنا سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے مستفید ہونے کے لئے ضروری ہے کہ اُمیدوار ریاست جموں وکشمیر کا باشندہ ہو ،اُس نے بارہویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہو اور اُس کے ورثہ کی سالانہ آمدنی چھ لاکھ روپے سے زائد نہ ہو۔اُنہوں نے کہا کہ اُمید وار کو یہ حق حاصل ہو گا کہ وہ اپنی پسند کے کالج کا انتخاب کرے یا ترجیح دے ۔اُنہوں نے کہا کہ آل انڈیا کونسل آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف سے جموں اور سری نگر میں کونسلنگ سینٹر قائم کئے جائیں گے جہاں اُمیدواروں کو اسکیم کے تحت منتخب اداروں میں داخلہ کے لئے رہنمائی کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ہر اُمیدوار کی کونسلنگ پروگرام میں شرکت لازمی ہو گی اور جو بھی اُمیدوار غیر حاضر رہے گا وہ وظیفہ حاصل کرنے کا اہل نہیں ہو گا۔