عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے ضلع میں جل جیون مشن کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے ہر گھر کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔میٹنگ کے آغاز پر سپرنٹنڈنگ انجینئر ہائیڈرولک سرکل پونچھ نے اسکیموں کی منظوری، جاری اور مکمل کاموں کی صورتحال اور درپیش مشکلات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ڈپٹی کمشنر نے پانی کی فراہمی کی اسکیموں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، زیر زمین پانی کی تلاش اور گھریلو نل کنکشنز کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ زمین اور دیگر رابطہ مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ تاخیر سے بچا جا سکے۔انہوں نے سپرنٹنڈنگ انجینئر اور ایگزیکٹو انجینئر جل شکتی کو ہدایت دی کہ ٹھیکیداروں کو باقی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی جائے۔ اس کے ساتھ ہی، گراونڈ واٹر اے ای ای کو کہا گیا کہ جہاں کہیں بورویلز کی کھدائی باقی ہے، اسے فوری مکمل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ جو اسکیمیں مکمل ہو چکی ہیں، انہیں عوامی فائدے کے لئے فوری طور پر فعال کیا جائے۔انہوں نے تمام ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ معیار اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ پائیدار اور مؤثر اثاثے تشکیل دئیے جا سکیں۔اس موقع پر چیف پلاننگ آفیسر، ایگزیکٹو انجینئر جل شکتی، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی، اے ای ایز، جے ایز، اے ای ای میکینکل، اے ایز و جے ایز گراونڈ واٹر سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔