عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے ضلع میں مسلسل بارش کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سوموار کی دیر شام شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورشہر کے علاقوں میں موجودہ موسمی صورتحال سے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اُٹھائے گئے اَقدامات کا معائینہ کیا تاکہ ضلع میں سیلاب جیسی کسی بھی صورت حال کو روکا جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر جو ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں ،نے شہر کے مختلف علاقوں بشمول رام منشی باغ، آبی گزربنڈ، ائیرپورٹ روڈ، ہمہامہ ، خانیار، رعناواری اور دیگر حساس مقامات کا دورہ کیا تاکہ گزشتہ چند روز سے مسلسل بارش کی وجہ سے پانی کی سطح میں اضافے کا موقعہ پر جائزہ لیا جاسکے۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر موصوف نے متعلقہ افسران کو سیلاب جیسی صورتحال سے بچنے اور عوام کو بروقت اِمداد فراہم کرنے کے لئے کئے جانے والے اَقدامات پر فوری عمل درآمد کے لئے متعدد ہدایات جاری کیں۔آفیسروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ حساس مقامات پر تمام مطلوبہ افراد اور مشینری تعینات کریں۔ اِس کے علاوہ زیر آب نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کے لئے اَقدامات کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام ڈِی واٹرنگ اور پمپنگ سٹیشن بالخصوص ضروری تنصیبات بشمول ہسپتالوں، پاور سٹیشنوں کے علاوہ اندرونی آبادیوں، گلیوں اور بائی لینز میں کام کریں۔اُنہوں نے سری نگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت اَپ گریڈ کی جانے والی سڑکوں کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ ایس سی سی ایل کے تحت بالخصوص شہر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقوں میں سڑکوں کی اَپ گریڈیشن کے عمل کو تیز کریں تاکہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ ان سڑکوں پر میکڈیمائزیشن کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے تاکہ لوگوں اور مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ شہر میں 97 ڈی واٹرنگ پمپ کام کر رہے ہیں تاکہ مسلسل بارش کی وجہ سے پانی جمع ہونے یا کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔اُنہیں جانکاری دی گئی کہ دریائے جہلم خطرے کی سطح سے نیچے بہہ رہا ہے اور لائن ڈیپارٹمنٹوں کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ فلڈ کنٹرول ڈویڑن کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھنے کے لئے کنٹرول سینٹروں کو قائم کئے گئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر دورے کے دوران کے ہمراہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، سٹی ڈرنیج، آر اینڈ بی، ایس ایم سی، پی ڈِی ڈِی، یو اِی اِی ڈِی اور دیگر محکموں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔