عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ نے جمعہ کو شہر کے علاقوں کا ایک وسیع دورہ کیا تاکہ جاری کاموں کی رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے نورجہاں پل قمرواری، بٹہ مالو میں منی سیکرٹریٹ سرینگر کی مجوزہ جگہ، راکی گنڈ اکشا بمنہ میں کورٹ کمپلیکس اور صفا کدل کا دورہ کیا۔قمر واری کے مقام پر دریائے جہلم پر تعمیر ہونے والے نور جہاں پل کے دورے کے دوران ڈی سی نے متعلقہ ایگزیکیوٹنگ ایجنسی کو سخت ہدایات جاری کیں کہ مذکورہ پل کا باقی ماندہ کام رواں سال اگست کے آخر تک مکمل کر کے عوام کی سہولت کے لیے اسے فعال بنایا جائے۔ اسی طرح ڈی سی نے راکی گنڈ اکشا بمنہ میں کورٹ کمپلیکس اور دریش کدل پل کی توسیع کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔جبکہ انہوں نے مجوزہ منی سیکرٹریٹ سرینگر کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔پل کے مقامات پر خودکشی کی بڑھتی ہوئی کوششوں کے حوالے سے ڈی سی نے موقع پر ہی نور جہاں پل، صفا کدل پل اور گاؤ کدل پل پر باڑ لگانے کی ہدایات بھی دیں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ افراد سے کہا کہ باڑ ھ لگانے کا کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے اور کاموں کی جلد منظوری کے لیے تخمینہ جلد پیش کیا جائے۔مزید برآں، ڈی سی نے عوام کو یقین دلایا کہ تمام پلوں پر مرحلہ وار باڑ ھ لگائی جائے گی تاکہ مزید کسی حادثے سے بچا جا سکے۔دورے کے دوران ڈی سی کے ساتھ سپرنٹنڈنگ انجینئر (آر اینڈ بی) سرینگر نریندر کمار اور ایگزیکٹو انجینئر (آر اینڈ بی) عبدالقیوم کے علاوہ دیگر افسران اور اہلکار بھی تھے۔