عظمیٰ نیوزسروس
راجوری//ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر راجوری اوم پرکاش بھگت نے راجوری۔ اننت ناگ پارلیمانی حلقہ میں 25؍ مئی کو ہونے والے لوک سبھا اِنتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کرنے اور حکمت عملی تیار کرنے کے لئے زونل اور سیکٹرل افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں پُراَمن، منصفانہ اور شفاف اِنتخابی عمل کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ سیکٹر اور زونل افسروں کو پولنگ سے قبل ، پولنگ کے دِن اور پولنگ کے بعد کے کردار اور ذمہ داریوں سے واقف کیا گیا۔پولنگ کے دِن سیکٹرل افسروں کو فرائض سرانجام دینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی جس کا مقصدبغیر کسی پریشانی کے ووٹنگ کے عمل کو آسان بنانا تھا۔ ان ذمہ داریوں میں پولنگ سٹیشنوں کا باقاعدگی سے معائینہ کرنا، سیکورٹی فورسز کی موجودگی کی نگرانی کرنا، پولنگ ایجنٹوں کی سرگرمیوں کی نگرانی کرنا اور ووٹنگ کے عمل کے دوران پیدا ہونے والے کسی بھی مسئلے یا شکایات کو فوری طور پر حل کرنا شامل ہے۔اِس کے علاوہ افسروں کو پولنگ کے اختتام پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (اِی وِی ایم) کی مناسب ہینڈلنگ اور سیلنگ کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اوم پرکاش بھگت نے اِنتخابی عمل کی سا لمیت کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے جمہوری حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے انتہائی لگن اور تندہی کے ساتھ فرائض کو انجام دینے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے آزادانہ اور منصفانہ اِنتخابات کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے میں ہر آفیسرکے اہم کردار پر زور دیا۔دریں اثنأ،ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر راجوری نے جنرل اوبزرور کی موجودگی میں پولنگ پارٹیوں کی حتمی رینڈمائزیشن کی۔میٹنگ میں آئی آر اور آرمڈ پولیس کے کمانڈنٹ اے ایس پی مصدق مجید باسو ، اے سی آرمحمد جہانگیر خان، ڈِپٹی ڈِی اِی او شکیل میر اور دیگر سیکٹورل اور زونل افسران نے شرکت کی۔