اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پارلیمانی انتخابات 2024 کے پہلے مرحلے کے تحت ڈوڈہ ضلع میں خراب موسم کے باوجود 66.42فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔اس دوران ضلع میں کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا ہے اور پرامن طریقے سے ووٹنگ عمل اختتام پذیر ہوا۔ اطلاعات کے مطابق ووٹنگ کا آغاز صبح سات بجے شروع ہوا اور شام 6 بجے تک جاری رہی۔اس دوران اگر چہ انتظامیہ کی جانب سے عمر رسیدہ و جسمانی طور پر ناخیز افراد کی آسانی کے لئے پولنگ اسٹیشن تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے تھے تاہم بیشتر علاقوں میں لوگوں نے بزرگوں و معذور افراد کو پولنگ مراکز چار پائی و پیٹھ پر اٹھا کر لایا۔ ضلع کنٹرول روم کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق شام 6بجے تک ضلع میں پولنگ کی مجموعی شرح 66.42 فیصد رہی جس میں بھدرواہ-51 میں 77361 ووٹ پڑے جس میں 40137 مرد و 37236 خواتین شامل ہیں اور اسطرح سے اس حلقہ میں ووٹنگ کی شرح 63.02 فیصد رہی۔ اسمبلی حلقہ ڈوڈہ – 52 میں 68.14 فیصد ووٹنگ ہوئی اور مجموعی طور پر 65857 ووٹ پڑے جس میں 34850 مرد و 31005 خواتین شامل ہیں۔وہیں ڈوڈہ ویسٹ – 53 سب سے ووٹنگ ہوئی اور اس حلقہ میں 59424 ووٹ پڑے جس میں 31254 مرد و 28170 خواتین شامل ہیں اور اسطرح سے ضلع کی تینوں اسمبلی حلقوں میں 202642 ووٹ پڑے جس میں 106227 مرد و 96411خواتین اپنے رائے دہی کا استعمال کیا اور ووٹنگ کی مجموعی شرح 66.42 فیصد رہی. یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع کی 3 اسمبلی حلقوں رائے دہندگان کی مجموعی تعداد 305093تھی جس میں 157375 مرد و 147711 خواتین و 7 ووٹ تھرڈ جنڈر تھے۔