اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں تیسرے روز بھی شدید بارشوں، برفباری و تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر تباہی مچی ہوئی ہے اور عوامی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ اس دوران کشتواڑ ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر پل ڈوڈہ کے نزدیک بھاری پسی گر آئی جس کے نتیجے میں ایک نجی گاڑی ملبے تلے دب گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے اور اسطرح سے پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ضلع میں تین الگ الگ حادثات میں 1 خاتون از جان و دیگر تین زخمی ہوئے ہیں۔ ادھر ایڈیشنل ضلع بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ میں تیز آندھی سے درجنوں مکانات کی چھتیں اڑ گئیں ہیں اور زرعی شعبے، پھلدار درختوں، پگڈنڈی راستوں و ندی نالوں میں کئی عارضی پل بہہ گئے ہیںاور پانی و بجلی نظام متاثر بھی متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے درجنوں دیہات گھپ اندھیرے میں ہیں جبکہ اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر وقفے وقفے سے پتھر گرنے کا عمل جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کو ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں شدید بارشیں، تیز آندھی و ڑالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو اتوار کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا. شدید بارشوں کی وجہ سے سے رابطہ سڑکیں زیر آب ہو گئیں ہیں اور متعدد مقامات پر نکاسی نظام کی عدم دستیابی سے بارش کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوتا ہے جس کے نتیجے میں مکینوں کا جینا مشکل بن گیا ہے۔ ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق بھلیسہ و چلی پنگل تحصیلوں میں 34 رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ کنبوں کی باز آبادکاری کے لئے انتظامی سطح پر ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ سمیت سب ڈویڑن کی اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لئے بحال کیا گیا ہے۔ادھر اتوار کی صبح ڈوڈہ بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر پل ڈوڈہ کے نزدیک بھاری پسی گر آئی جس کے نتیجے میں ایک ایکو گاڑی زیر نمبری JK19-2930 اس کے نیچے آئی جس میں ڈرائیور خورشید احمد ساکنہ شیوہ زخمی ہوا جسے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا. واضح رہے کہ گذشتہ روز سب ڈویڑن کے گاؤں بھٹماس چانٹی میں تیز ہواؤں سے ایک رہائشی مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 32سالہ خاتون ہلاک و سولہ سالہ لڑکا زخمی ہوا تھا اور گندوہ کے ہی ایک اور گاؤں ڈھوسہ میں آسمانی بجلی گرنے سے اٹھارہ سالہ لڑکا زخمی ہوا تھا۔