ڈوڈہ//پی ڈی پی کے ضلع صدر ڈوڈہ شہاب الحق بٹ کی قیادت میں ضلع ڈوڈہ کے ایک وفد نے ریاستی وزیرِ تعمیرات نعیم اختر سے سرینگر میں اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کر کے ضلع ڈوڈہ سے متعلق مختلف مسائل پر اُن سے تبادلۂ خیالات عمل میں لایا اور متعدد مطالبات اُن کے سامنے رکھے۔ اراکینِ وفد نے ریاستی وزیر کو ضلع ڈودہ کی سڑکوں کی حالت سے آگاہ کیا اور اُن سے اپیل کی کہ ضلع کی تمام سڑکوں کی حالت کو سدھارنے کے لئے فوری اقدامات اُٹھائے جائیں نیز جو علاقے ابھی تک سڑک رابطوں سے محروم ہیں وہاں سڑکیں تعمیر کی جائیں۔اراکینِ وفد نے ریاستی وزیرِ تعمیرات کو بتایا کہ ڈوڈہ،دیسہ،کپرن سڑک کی ضلع ڈوڈہ کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل سڑ ک ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا جانا چاہیے۔اس سڑک کی تعمیر سے نہ صرف یہ کہ ضلع ڈوڈہ سے وادی کشمیر تک کا طویل فاصلہ سمٹ کر چند گھنٹوں کی مسافت میں تبدیل ہو جائے گا بلکہ یہ صوبہ جموں کو صوبہ کشمیر سے ملانے والی سب سے بہتر شاہراہ بھی ثابت ہو گی نیز اس کی تعمیر سے اس خطہ کی اقتصادی حالت بھی بدل جائے گی۔اراکینِ وفد نے بھیلی تا لال درمن سڑک کی سروے عوامی خواہشات کے مطابق عمل میں لائی جانی چاہیے اور اس میں اس بات کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے کہ کس طرح سے زیادہ سے زیادہ آبادی اس سڑک کی تعمیر سے مستفید ہو سکے۔وفد نے ریاستی وزیر کو یہ بھی بتایا کہ شروڑ سے ہوتے ہوئے ہنڈواس تا دھاروٹھ منظور شدہ سڑک کی تعمیر میں محکمہ جنگلات کی کلیئرنس نہ ملنا سب سے بڑی رکاوٹ ہے جسے جلد از جلد دور کر کے سڑک کی تعمیر کو مکمل کیا جانا چاہیے تاکہ لوگ اس سے فائدہ اُٹھا سکیں۔ وفد نے بلاک بھاگواہ میںبراستہ ڈوگہ بھاگواہ تاچھترون سڑک، بھرت روڈ تا مسگر پورہ لنک روڈ،بلاک مرمت کی تمام رابطہ سڑکوں کی تعمیر،ڈوڈہ تا دھڑا سڑک کی حالت کو سدھارنیاور بھالہ طرون سڑک پر میکڈم بچھانے کے مطالبات ریاستی وزیر کے سامنے رکھے۔وزیرِ تعمیرات نے وفد کو بغور سُنا اور یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے مناسب اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ دور دراز پہاڑی اور پسماندہ علاقہ جات کو سڑک رابطوں سے جوڑنااُن کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلہ میں ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر شہاب الحق بٹ نے نعیم اختر کو ضلع ڈوڈہ میں تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور پارٹی امورات پر تبادلۂ خیالات کر کے ضروری ہدایات حاصل کیں۔اراکینِ وفد میںمحمد صدیق لون ،سجاد کھوکر ، فاروق احمد اور محمد اصغر بٹ وغیرہ شامل تھے۔