ڈوڈہ//ڈوڈہ پولیس نے قصبہ ڈوڈہ میں گذشتہ شب پیش آئی چوری کی ایک واردات میں ملوث شخص کو شناخت کر کے گرفتار کیا ہے اور اُس کے قبضہ سے چرائی ہوئی رقم اور تالے وغیرہ کاٹنے کے اوزاربھی برآمد کئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب ڈسٹرکٹ لائبریری کے پڑوس میں واقع ڈاکہ زنی کی ایک واردات میں یاور ریڈی میڈ دُکان سے نا معلوم چور نے80,000روپے اُڑا لئے ۔ دوکان کے ساتھ ہی ایچ ڈی ایف سی بنک کے ا ے ٹی ایم کو بھی لوٹنے کی کوشش کی گئی تھی اور اے ٹی ایم مشین کے سامنے والے حصہ کو توڑ دیا گیا تھا ،تاہم چور اُس کا تالا کھول نہیں پائے اور اس طرح بنک لٹنے سے بچ گیا۔چوری کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او ڈوڈہ انسپکٹر رگھبیر سنگھ اور انچارج پولیس پوسٹ ڈسٹرکٹ اسپتال ڈوڈہ ایس آئی عاشق حسین موقع پر پہنچے اور اُنہوں نے دیکھا کہ چورنے یاور ظفر بٹ کی دو دُکانوں کے شٹر توڑے ہیں اور ایچ ڈی ایف سی بنک کے اے ٹی ایم مشین کا اوپری حصہ بھی توڑ دیا ہے۔تحقیقاتی عمل کے دوران پولیس نے کچھ مشکوک لوگوں سے پوچھ تاچھ کی جس دوران جعفر حسین ولدِ عبد الحمید میر ساکنہ بیولی ڈوڈہ نے اعتراف کیا کہ یہ کاروائی اُسی نے انجام دی ہے۔اُس کے قبضہ سے 80,000 روپے اور ڈاکہ زنی کے لئے استعمال کئے گئے مختلف قسم کے اوزار بھی برآمد کئے۔اُس نے یہ بھی کہا کہ وہ قصبہ میں الیکٹریشن کا کام کرتا ہے اور اُس نے قصبہ میں250سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں۔وہ چوری کی واردات سے پہلے سی سی کیمرے کی تاریں کاٹ دیتا تھا تاکہ کیمرے سے وہ پکڑا نہ جائے۔اُس نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ اُس نے ایک ماہ قبل جموں وکشمیر بنک اور ایچ ڈی ایف سی بنک کے اے ٹی ایمز کو لوٹنے کی کوشش کی تھی مگر وہ کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔اس سلسلہ میںFIR No 134/2017 U/S 457/380 RPCکے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آج تک اُس نے ڈاکہ زنی کی کتنی وارداتیں انجام دی ہیں۔پولیس کی یہ پوری کاروائی ایس ایس پی ڈودہ محمد شبیر کی سرپرستی اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرس افتخار احمد کی نگرانی میں انجام دی گئی۔عوامی حلقوں میں پولیس کاروائی کی سراہنا کی جا رہی ہے۔