اشتیاق ملک
ڈوڈہ //جوں جوں خوشکسالی بڑھ رہی ہے توں توں ڈوڈہ ضلع کے جنگلات تیزی سے آگ کی لپیٹ میں آرہے ہیں اور ہر طرف دھواں ہی دھواں نظر آرہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پچھلے کئی دنوں سے جنگلات ڈویژن ڈوڈہ و بھدرواہ کے رینج بھلیسہ، چرالہ ،نیرو، گھٹ کے جنگلات میں آگ لگ گئی ہے جس کے نتیجے میں سبز پیڑ پودے و درختوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے جبکہ جنگلی جانور بھی متاثر ہوئے ہیں۔ آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سیول سوسائٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ماحولیات و انسانی زندگی کے لئے شدید خطرہ ہے۔ ڈوڈہ سیول سوسائٹی کے ترجمان اشتیاق احمد دیو نے کہا کہ گذشتہ کئی دنوں سے ضلع کے مختلف مقامات پر جنگلات میں آتشزدگی کی پراسرار وارداتیں پیش آرہی ہیں جس کے نتیجے میں پیڑ پودوں کے ساتھ ساتھ جنگلی جانوروں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے سیول سوسائٹی و محکمہ سے ان وارداتوں کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشک سالی سے پہلے ہی عوام پریشان ہے اور اس پر مزید آتشزدگی کی وارداتیں پریشان کن ہیں.سماجی کارکن محمد ایوب زرگر نے کہا کہ جنگلات ہر جاندار کے لیے قیمتی اثاثے ہیں اور ان کو نقصان پہنچانا اچھی علامت نہیں ہے. وہیں ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ محکمہ کی ٹیمیں اپنی جانوں کو خطرہ میں ڈال کر آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور کئی ایسے خطرناک علاقے بھی ہیں جہاں پہنچنا ناممکن ہے. انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جنگلات کو نقصان نہ پہنچائیں. انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرمایہ نہ محکمہ کا بلکہ تمام انسانیت کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے.۔